گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلر 90 روز کی رخصت پر، معاملات کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم
خیبر پختونخوا حکومت نے گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال کو 90 روز کی رخصت پر بھیجتے ہوئے یونیورسٹی کے مختلف معاملات کی تحقیقات کے لیے تین رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کو لاء کالج میں فائرنگ کے واقعے، ہاسٹل تنازع، مبینہ غیر میرٹ بھرتیوں اور یونیورسٹی کے مالی و انتظامی امور کا جائزہ لینے اور 14 روز کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں گریڈ 19 کے افسر عمران اللہ خان کو قائم مقام رجسٹرار مقرر کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
دوسری جانب یونیورسٹی کے بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر ظفر اقبال کی قیادت میں ادارہ مالی اور انتظامی استحکام کی جانب گامزن تھا اور حالیہ فیصلے سے یونیورسٹی کے انتظامی، مالی اور تعلیمی معاملات متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
اس پیش رفت کے بعد مختلف حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے، تاہم صوبائی حکومت کا مؤقف ہے کہ تحقیقات کا مقصد یونیورسٹی کے معاملات کا شفاف جائزہ لینا اور حقائق سامنے لانا ہے۔
