ڈیرہ اسماعیل خان: ڈی ایچ کیو ہسپتال کے باتھ روم سے نومولود بچے کی لاش برآمد، تحقیقات جاری
ڈیرہ اسماعیل خان کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ہسپتال کے باتھ روم سے ایک نومولود بچے کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق نومولود بچے کو باتھ روم کے کموڈ میں چھوڑ دیا گیا تھا۔ واقعے کا انکشاف اس وقت ہوا جب ہسپتال کے عملے نے بچے کی لاش دیکھی اور متعلقہ حکام کو اطلاع دی۔
ڈائریکٹر ہسپتال ڈاکٹر صبغت نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق بچے کو ایک نامعلوم خاتون ہسپتال میں چھوڑ کر چلی گئی۔ تاہم ابھی تک بچے کی شناخت یا اس کے ورثا کے بارے میں کوئی معلومات سامنے نہیں آ سکیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران ہسپتال کے عملے اور وہاں موجود افراد سے معلومات حاصل کی گئیں، تاہم بچے یا اسے چھوڑنے والے شخص کے بارے میں کوئی واضح سراغ نہیں ملا۔
حکام کے مطابق ہسپتال میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ نومولود کو وہاں کون چھوڑ کر گیا تھا اور واقعے کے پس منظر میں کیا عوامل کارفرما تھے۔
